بھارتیوں کو ’’مرچیں‘‘ لگ گئیں‘ مودی ’’تسلی‘‘ دینے کیلئے پینترے بدلنے لگے
دی ہیگ (آن لائن+اے این این+نیوزڈیسک) عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ بھارت کیخلاف آنے پر بھارتی شہریوں کو ’’مرچیں لگ گئیں‘‘ کلبھوشن کیخلاف فیصلہ آنے پر عالمی عدالت کے سامنے احتجاج اور عدالتی فیصلے پر شدید نعرے بازی کی گئی۔ اے این این کے مطابق عالمی عدالت برائے انصاف کے کلبھوشن یادیو کیس کے فیصلے میں بھارت کی درخواست مسترد ہونے پر بوکھلاہٹ کی شکار مودی سرکار اپنی عوام کو فیصلے کا غلط رخ دکھا کر خوش کرنے کی ناکام کوششوں میں جت گئی۔ فیصلے سے قبل ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے عالمی عدالت برائے انصاف کے فیصلے کو اپنے حق میں تصور کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرا مودی کو مبارکباد بھی دے بیٹھیں۔ صارفین نے حیرت کا اظہار کیا اور فیصلے کے اقتباسات کے سکین شاٹ لگائے جبکہ کچھ نے کہا کہ میڈم آپ کی آسانی کے لیے انگریزی فیصلے کا ترجمہ کردیں؟۔ بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی فیصلہ سنے بغیر ہی اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ سے ٹویٹ داغ دی کہ عالمی عدالت برائے انصاف کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں، یہ بھارت کی بہت بڑی جیت ہے اور ہم کلبھوشن کی جلد از جلد واپسی کے لیے دعا گو ہیں۔ بھارتی میڈیا اور رہنما فیصلہ کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں ۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے جاسوس دہشتگرد کلبھوشن یادیو کو پاکستان فوجی عدالت کی طرف سے دی گئی سزائے موت کالعدم کرنے اسے رہا کرنے اور نئی دہلی کے حوالے کرنے کی بھارت کی درخواست مسترد کر دی۔ تاہم اخبار نے اس کے باوجود کمال ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی عدالت کے فیصلے کو بھارت کی بہت بڑی کامیابی قرار دیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پینترا بدلتے ہوئے کہا کہ انصاف اور سچ کی ہمیشہ فتح ہوتی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان قونصلر تک رسائی سمیت عالمی عدالت کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرے گا۔ پاکستان کلبھوشن یادیو کو ویانا کنونشن کے تحت اسے حاصل حوق سے آگاہ اور انہیں فراہم کرنے کا پابند ہے۔