• news

7کھیلوں کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپس میں نمایاں کارکردگی پر انعامات تقسیم

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے لگائے گئے7کھیلوں کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں کیش انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اور دیگر بھی موجودتھے۔ رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ پنجاب حکومت سپورٹس کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اس لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں سپورٹس کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سپورٹس پالیسی تیار کررہے ہیں، اے ڈی پی میں سپورٹس سکول کا منصوبہ شامل کرلیا گیا ہے جسے رواں سال تیار کرلیا جائے گا، نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے مختلف شہروں میں 7کھیلوں کے کیمپ لگائے گئے جس میں درجنوں کھلاڑیوں نے حصہ لیا، ایک ماہ کے کیمپ میں ماہر کوچز نے کھلاڑیوں کو تربیت دی، ان کیمپس سے نئے کھلاڑی سامنے آئے جن کو مزید تربیت دیکر قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے ایونٹس کے لئے تیار کیا جائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے سپورٹس کے لئے بہت اہم کام کئے، سپورٹس کے لئے ان کی خدامات قابل تحسین ہیں۔پنجاب کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپس میںانڈر 16 ہاکی میں بہترین کارکردگی پر عثمان منشائ، زوہیب احسان، ریسلنگ میں حسنین علی، دانیال احمد، والی بال میں گلفام حیدر، اویس علی، ویٹ لفٹنگ میں حیدر سلطان، حیدر شکیب، کبڈی میں ذیشان ، محمد شہباز،پاور لفٹنگ میں محمد علی غنی، علی حیدر،اتھلیٹکس میں شاہد عمران، سفیان علی کو 20،20ہزارروپے دیئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن