ون ڈے ٹیم کی کپتانی‘ محمد حفیظ‘ بابر اعظم دوڑ میں شامل
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ اور بلے باز بابر اعظم پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے مضبوط امیدوار بن گئے۔ محمد حفیظ پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے نئے کپتان ہو سکتے ہیں۔ورلڈکپ کے بعد پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کیلئے غور کر رہا ہے۔ ان تبدیلیوں میں کپتانی کی تبدیلی بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی اس وقت ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے محمد حفیظ اور بابر اعظم کے ناموں پر غور کر رہا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر کام کے بوجھ میں کمی کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے تینوں فارمیٹس کیلئے علیحدہ کپتانوں کی تقرری پر غور شروع کردیا ہے جن کو امید ہے کہ لانگ ٹرم پلاننگ کے تحت ہر طرز کی کرکٹ کیلئے الگ قیادت موثر ثابت ہو سکتی ہے ،غیر ملکی اور ملکی کوچ کی تقرری پر متضاد آرا کے باوجود سابق زمبابوین کپتان اینڈی فلاور کی خدمات کے حصول پر نگاہیں مرکوز ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم میں ممکنہ تبدیلیوں کیلئے پی سی بی نے اگرچہ لب کشائی سے گریز کیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ 29 جولائی کو کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں قومی ٹیم سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے اور امکان ہے کہ اس دوران تینوں فارمیٹس کی قیادت کیلئے علیحدہ کپتانوں کی تقرری کا بھی فیصلہ کیا جائیگا کیونکہ حالیہ عرصے میں یہ تاثر سامنے آیا ہے کہ موجودہ کپتان سرفراز احمد پر کام کا شدید بوجھ ہے جس کے سبب انکی ذاتی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ سرفراز احمد کو آئندہ برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پیش نظر مختصر فارمیٹ کی قیادت کیلئے قابل غور سمجھا جائیگا جن کی کارکردگی اس فارمیٹ میں غیر معمولی رہی ہے جبکہ دیگر فارمیٹس کیلئے محمد حفیظ، بابر اعظم،عماد وسیم اور اظہرعلی پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کو پی سی بی کی جانب سے نئی ذمہ داری ملنے کا واضح امکان ہے جس کا جلد اعلان متوقع ہے۔ انضمام الحق قومی ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ کے مضبوط ترین امیدوار بن گئے ہیں۔ انضمام الحق نے بیٹنگ کوچ کا عہدہ ملنے کے امکان کے پیش نظر ہی چیف سلیکٹر کے عہدے کی معیاد میں توسیع نہ لینے کااعلان کیا ہے۔ انضمام الحق کی تعیناتی کے حوالے سے پی سی بی جلد اعلان کرے گا۔ ماضی میں پاکستانی ٹیم کیلئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے فرائض نبھانے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن خان کی قومی کرکٹ سیٹ اپ میں واپسی کا قوی امکان ہے جو پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر یا منیجر کی اہم ترین ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں، انضمام الحق بیٹنگ کوچ کیلئے مضبو ط امیدوار ہیں۔