امریکی حکام سے تجارت‘ سرمایہ کاری پر بات ہو گی‘ رزاق داؤد: شاہ محمود واشنگٹن چلے گئے
اسلام آباد (این این آئی + آن لائن) مشیر تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ دورہ امریکہ کے دوران امریکی حکام سے تجارت، سرمایہ کاری اور سکیورٹی امور پر بات ہوگی، ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کی جا رہی ہے۔ یوریا کھاد کی بوری میں دس روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ درآمدی یوریا کی فی بوری قیمت 1800 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ڈیلر ٹرانسفر پرائس 1840 روپے ہوگی۔ ڈیلر کا 50 روپے کمیشن ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر تجارت نے کہا کہ وزیراعظم کے ہمراہ دورہ امریکہ پر جا رہا ہوں۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے معاملے پر بھی بات ہوگی۔ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک پر بات چیت ہوگی۔ ملک میں خریف کی فصل کے لئے یوریا کا مناسب سٹاک دستیاب ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے کھاد مہنگی ہوئی ہے۔ ایک لاکھ ٹن یوریا درآمد کی جا رہی ہے۔ درآمدی یوریا کی قیمت مقامی مارکیٹ سے زیادہ ہے۔ حکومت اضافی قیمت پر ایک ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ جنسی تشدد میں ملوث ایک پورا گروپ ہے، یہ ایک منظم گروپ ہے جس میں بیمار ذہنیت کے لوگ ہیں۔ یہ لوگ اپنی فرسٹریشن دور کر کے خوش ہوتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل ہے کہ جو قانون سازی ہو چکی ہے اس پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کیا جائے۔ قوانین پر عمل کر کے ہی ہم معاشرے کی اصلاح کر سکتے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے انتظامات کا جائزہ لینے واشنگٹن چلے گئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے اعلی حکام بھی شاہ محمود قریشی کے ساتھ دورہ امریکہ میں شامل ہیں۔دورے کے دوران پاکستانی سفارتخانہ، وزیر خارجہ کو وزیراعظم کے دورے کے انتظامات پر بریفنگ دے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم 21 سے 23 جولائی تک امریکہ کا دورہ کریں گے۔ حکومت میں آنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہے۔ وزیراعظم امریکہ کے دورے کے دوران کانگریس کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور 22 جولائی کو ٹرمپ سے ان کی ملاقات طے ہے۔