• news

سونا 750 روپے تولہ‘ ڈالر اوپن مارکیٹ میں 10 پیسے مہنگا

لاہور (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں قیمت میں اضافے نے پاکستان میں بھی سونا مہنگا کر دیا۔ جیولرز کے مطابق ایک تولہ سونے کی قیمت میں سات سو پچاس روپے کا اضافہ کے بعد تراسی ہزار چار سو روپے تولہ ہو گیا۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت انیس ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار چار سو بائیس ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف مارکیٹ میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر 20 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 10 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ انٹر بینک میں کاروبار کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ڈالر 160 روپے 30 پیسے تک فروخت ہوا تاہم، سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 20 پیسے کے اضافے سے 160 روپے 2 پیسے رہی۔ انٹر بینک میں یورو 64 پیسے مہنگا ہو کر 179 روپے 85 پیسے اور برطانوی پاونڈ ایک روپے 54 پیسے مہنگا ہو کر 199 روپے 68 پیسے کا ہو گیا ہے ۔ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 10 پیسے کے اضافے سے 160 روپے 40 پیسے ہو گئی۔ یورو کی قیمت فروخت ایک روپے کے اضافے سے 181 روپے 50 پیسے اور برطانوی پاونڈ کی 50 پیسے کے اضافے سے 201 روپے 50 پیسے ہو گئی۔ علااوہ ازیں آئی ایم ایف کے قرض کی پہلی قسط نے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھا دئیے اورہفتے کے دوران مجموعی ذخائر 99 کروڑ ڈالر کے اضافے سے 15 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔

ای پیپر-دی نیشن