ویسٹ ایشیا بیس بال کپ: پاکستان بھارت کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر، نمائندہ سپورٹس) چودھویں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ سری لنکا 2019 کے سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 11 رنز سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ سری لنکا جاپان فرینڈ شپ گرائونڈ ہوماگاما کولمبو میں جاری ٹورنامنٹ کے چوتھے روز گرین شرٹس نے 13-2 رنز سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ پاکستان ٹیم نے انڈیا کے خلاف پہلی اننگز میں 2 رنز کی برتری حاصل کرکے دبوچ کر نفسیاتی برتری حاصل کرلی تھی۔ بعد ازاں پاکستان نے 6 اننگز میں مزید 11 رنز بنا کر 13 رنز کی سبقت حاصل کرکے کامیابی کے لئے راہ ہموار کرلی۔ ساتویں اننگز میں انڈیا نے مزاحمت کرتے ہوئے 2 رنز بنا لیئے اور یوں سات اننگز میں واضح فیصلہ کن برتری حاصل کرلینے پر پاکستان 13-2 رنز سے فتحیاب قرار دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے فضل الرحمن نے 3 ، فقیر حسین، محمد عبداللہ اور ارسلان جمشید نے 2-2 جبکہ عبیداللہ، زاکر آفریدی، اسد علی اور سمیر زوار نے 1-1 رن سکور کیا۔ میچ کے بعد ٹیم کے آفیشلز و کھلاڑیوں نے ٹیم لیڈر سید فخر علی شاہ کی قیادت میں قومی پرچم لہرا کر کامیابی کا جشن منایا۔ اس سے قبل کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے ایران کو 10-2 رنز سے شکست دی۔ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ دفاعی چیمپیئن سری لنکا سے ہوگا۔ تیسری پوزیشن کے لیے میچ آج بھارت اور ایران کی ٹیموں کے درمیان جبکہ فائنل میچ کل 20 جولائی کو کھیلا جائیگا۔ ٹیم لیڈر نے کہا ٹیم اچھا کھیلی، انڈیا کو پچھاڑ کر ورلڈ کپ کی شکست کا بدلہ لے لیا۔