• news

قبائلی اضلاع میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے انتخابات کل‘ انتظامات مکمل: ملتوی نہیں کر سکتے‘ الیکشن کمشن

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) تمام ساتوں قبائلی اضلاع اور چھ قبائلی سب ڈویژن میں صوبائی اسمبلی کی 16عام نشستوں پر پہلی بار تاریخی انتخابات کل بروز ہفتہ20 جولائی کو پاک فوج کی کڑی نگرانی میں ہوں گے جن کے لئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات مکمل کردیئے گئے ہیںتاکہ پرامن ماحول میں صاف ‘شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایاجاسکے۔ فوج کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے فرنٹیئر کور‘ پولیس اور فرنٹیئرکانسٹیبلری کے علاوہ سول انتظامیہ کے ہزاروں افسرواہلکار اور رضاکار بھی موجود رہیں گے۔ حساس پولنگ سٹیشنوں پر کیمرے بھی نصب کردیئے گئے ہیں جبکہ پولنگ سٹیشن کے اندرا ور باہر فوج کے اہلکار تعینات ہوں گے ۔پولنگ سٹیشن کی عمارت کے اردگرد اورداخلی و خارجی راستوں پر مسلح اہلکار تعینات رہیں گے جو آنے والوں کی جامہ تلاشی لیں گے۔قبائلی اضلاع میں مجموعی طورپر 1895 پولنگ سٹیشن قائم کردیئے گئے جن میں554 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور 461 سٹیشن حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ انتخابات میں کل 27 لاکھ98 ہزار سے زائداہل ووٹرز اپنے رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق قبائلی ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کے3 حلقوں میں کل338 ‘ مہمند کے2 حلقوں میں194‘ خیبر کے3 حلقوں میں 345 ‘ کرم کے2 حلقوں میں265 ‘اورکزئی کے واحد حلقے میں سب سے زیادہ 175 ‘ شمالی وزیرستان کے2 حلقوں میں 178 ‘ جنوبی وزیرستان کے2 حلقوں میں 237 جبکہ چھ قبائلی سب ڈویژن پر مشتمل واحد حلقہ میں163 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ ہر ووٹر کو ووٹ ڈالنے کے لئے اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لانا ہوگا جبکہ فوٹوکاپی یا کوئی اور دستاویز قابل قبول نہیں ہوگی۔پولنگ صبح 8 بجے سے شام5 بجے تک بغیرکسی وقفہ جاری رہے گی تاہم مقررہ وقت کے احتتام کے بعد پولنگ سٹیشن کی حدودمیں موجود ووٹراپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون اور کیمرہ لانے کی اجازت نہیں۔انتخابی مہم رات 12 بجے ختم ہوگی۔ الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کے امیدوار کیخلاف منی لانڈرنگ اور قبائلی حلقہ پی کے 115 میں الیکشن موخر کرنے کی درخواست پر سماعت 6 اگست کو مقرر کر لی جبکہ ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے ریمارکس دئیے ہیں کہ قبائلی ضلع میں الیکشن ملتوی نہیں کر سکتے قانون شکنی کرنے والا امیدوار انتخابات میں کامیاب ہوا تو الیکشن کمشن کو نااہل کرنے کا اختیار موجود ہے۔ جمعرات کو الیکشن کمشن کے ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں دو رکنی کمشن نے تحریک انصاف کے خلاف منی لانڈرنگ اور قبائلی حلقہ پی کے 115 میں الیکشن موخر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار محمد عظیم خان آفریدی کے وکیل پیش ہوئے، وکیل درخواست گزارنے بتایا کہ تحریک انصاف نے حلقے میں منی لانڈرنگ کرنے والے شخص کو ٹکٹ دیا ہے۔ تحریک انصاف کو نوٹس جاری کیا جائے اور پی کے 115 میں انتخاب ملتوی کیا جائے۔ممبر الیکشن کمشن کے پی مسز ارشاد قیصر نے ریمارکس دئیے کہ ابھی بیلٹ پیپر چھپ چکے ہیں ان کے نام بھی شائع ہو گئے ہیں، ممبر پنجاب نے ریمارکس میں کہا کہ اس معاملے پر 22 جولائی تک انتظار کر لیا جائے، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آپ کا اختیار ہے کہ ایک حلقے کا الیکشن روکا جا سکتا ہے، ممبر پنجاب نے ریمارکس دئیے کہ عبد المنعیم والا کیس ہمارے سامنے ہے کامیاب ہونے کے بعد الیکشن کمشن نے نااہل قرار دے دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن