سابق کپتان منظور جونیئر کو قومی ہاکی ٹیم کا چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)سابق کپتان منظور جونیئر کو قومی ہاکی ٹیم کا چیف سلیکٹر بنانے کافیصلہ کیاگیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن حکام نے اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کو سامنے رکھتے ہوئے ازسرنوسلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کی تقرریوں پر اتفاق کیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں سلیکشن کمیٹی ارکان کو فائنل کیا جائے گا اور اس کی سربراہی 1982 لاس اینجلس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ منظور جونیئر کو سونپی جارہی ہے۔ وسیم فیروز، خالد حمید اور ذیشان اشرف کو سلیکشن کے معاملات میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔نئی سلیکشن کمیٹی اگلے ہفتے کراچی میں شیڈول نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے میچوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی، ان کے ذمے ستمبر اکتوبر میں شیڈول اولمپکس کوالیفائنگ راونڈ کے لیے ٹیم کی تشکیل ہوگی۔