ڈالر اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے سونا 700 روپے تولہ مہنگا
لاہور (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے نے سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچا دی۔ پاکستان میں ایک تولہ سونا چوراسی ہزار ایک سو روپے کا ہو گیا ہے۔ جیولرز کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت سات سو روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار چوراسی ہزار ایک سو روپے ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں 16 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے فی اونس قیمت ایک ہزار چار سو اڑتیس ڈالر تک پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق امریکا چین کی تجارتی جنگ کے خدشات اور مشرق وسطی میں کشیدگی کے باعث سونا مہنگا ہو رہا ہے۔ دوسری طرف انٹر بینک میں ڈالر مزید 17 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے مہنگا ہو گیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 17 پیسے کے اضافے سے 160 روپے 19 پیسے رہی انٹر بینک میں یورو 30 پیسے مہنگا ہو کر 180 روپے 15 پیسے اور برطانوی پاونڈ 79 پیسے مہنگا ہو کر 200 روپے 47 پیسے کا ہو گیا ہے۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 20 پیسے کے اضافے سے 160 روپے 60 پیسے ہو گئی یورو کی قیمت فروخت 50 پیسے کی کمی 181 روپے اور برطانوی پاونڈ کی 50 پیسے کے اضافے سے 202 روپے ہو گئی۔