• news

ارشد ملک کیس کی سماعت منگل کو ہوگی ‘ متنازعہ ویڈیو پنجاب سائنس فرانزک لیبارٹری بھجوا دی

اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کیس کی سماعت 23جولائی کو ہوگی ، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کریگا ۔ جمعہ کو سپریم کورٹ نے کاز لسٹ جاری کر دی جس کے مطابق مبینہ ویڈیو کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 23 جولائی کو کریگا،جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس عمر عطاء بندیال بھی بینچ میں شامل ہیں ۔جج کی متنازعہ ویڈیو پنجاب سائنس فرانزک لیبارٹری بھجوا دی گئی، تصویر اور آواز ایک ہی شخص کے ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق کی جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق دیکھا جائے گا کہ آڈیو اور ویڈیو ایک ساتھ ریکارڈ ہوئی یا الگ الگ، الیکٹرانک جعل سازی یا ایڈیٹنگ کی جانچ بھی کی جائیگی، مکمل فرانزک ٹیسٹ کیلئے ریکارڈنگ ڈیوائس کا موجود ہونا ضروری ہے، مگر ایف آئی اے کو ابھی تک ویڈیو بنانے والی ڈیوائس نہ مل سکی۔ ڈیوائس نہ ملنے سے ویڈیو کی جانچ پڑتال میں تاخیر کا خدشہ ہے، ڈیوائس موجود ہو تو ویڈیو کا فرانزک ایک سے دو روزمیں مکمل ہو جاتا ہے، ویڈیو مریم نواز نے پریس کانفرنس میں دکھائی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن