قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات آج ہونگے‘ فوج تعینات
اسلام آباد(محمد نواز رضا+ نامہ نگار)خیبرپی کے اسمبلی میں سابقہ فاٹا کے قبائلی اضلاع کو نمائندگی دینے کیلئے پہلی بار انتخابات آج ہورہے ہیں، سابق فاٹا کے صوبہ خیبر پی کے میں انضمام کے بعد اس علاقہ کی خیبر پختونخواہ اسمبلی کی 16 جنرل اور 5 مخصوص نشستیں ہیں جن میں سے 4 مخصوص نشستیں خواتین اور ایک نشست اقلیتوں کیلئے مخصوص ہے، انتخابات کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پولنگ سٹاف اور انتخابی سامان پاک فوج کی کڑی نگرانی میں تما م پولنگ سٹیشنوں پر پہنچایا جا چکا ہے۔ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے ایک ہزار 897پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 554کو انتہائی حساس اور 461کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے تمام پولنگ سٹیشنوں کو حساس ترین اور حساس قرار دیا گیا ہے۔ حساس ترین پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج کے جوان تعینات کیے جائیں گے جبکہ دیگر پولنگ سٹیشنوںکے باہر پاک فوج کے جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ پولنگ ہفتے کے روز صبح 8بجے شروع ہوگی اور شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، 16جنرل نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 297امیدوار میدان میں ہیں۔ اہل پاکستان کیلئے یہ انتہائی مسرت و شادمانی کا موقع ہے کہ ماضی میں دہشت گردی کا گڑھ کہلانے والے یہ علاقے پہلی بار قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں۔ ماضی میں اس علاقہ کے لوگوں کو دہشت گردی کی جنگ کی وجہ سے بے پناہ نقصانات اور صدمات سے دوچار ہونا پڑا، اس علاقہ کو دہشت گردوں سے پاک اور دہشت گردوں کی خفیہ کمین گاہوں کو ختم کرنے کیلئے پاک فوج نے انتہائی مشکل ترین جنگ لڑی اور اس علاقہ کے چپے چپے پر پاکستان کا قومی پرچم لہرا کر اپنی قوم سے سرخرو ہوئی۔ پاک فوج کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں اس علاقہ میں امن بحال ہونے کے بعد پختون جرگے کی درخواست پر 2016ء میں 31 فیصد چیک پوسٹیں ختم کردی گئی تھیں، جن کے ختم ہونے کے بعد علاقہ میں تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ صوبائی الیکشن حکام انتخابی اضلاع کے دورے کرتے رہے ہیں اٹھائیس لاکھ سے زائد ووٹرز صوبائی اسمبلی کی سولہ نشستوں پر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سکیورٹی کے حوالے سے صوبائی حکومت مطمئن ہے۔ مقامی سکیورٹی اداروں کے ساتھ فوج بھی سکیورٹی فرائض ادا کرے گی۔ جمعہ کو الیکشن کمشن میں اے ڈی جی الیکشنز شریف اللہ اور ڈی جی الیکشن ندیم قاسم نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اے ڈی جی شریف اللہ نے کہا کہ فاٹا میں انتخابات کی تیاریاں مکمل ہو گئی انتخابات کے نتائج واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے جائینگے حلقہ پی کے 114 کے امیدواروں نے دھاندلی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔