• news

بھارت: انتہا پسند ہندوئوں نے گائے چوری کا الزام لگا کر تشدد سے 3 مسلمان شہید کر دیئے

نئی دہلی (این این آئی) بھارت کی ریاست بہار میں نفرت اگلتے جنونی ہندوؤں نے تین مسلمانوں پر گائے چوری کرنے کا الزام لگا کر تشدد کرکے شہید کردیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ریاستی پولیس افسر ہر کوشور رائی نے بتایا کہ جمعہ کی صبح تین افراد گائے کو پک اپ ٹرک میں ڈال رہے تھے اس دوران متعدد گاؤں والوں نے انہیں گائے چوری کے الزام میں پکڑ لیا۔ پولیس نے بتایا کہ گاؤں کے چند لوگوں نے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر جان سے مار دیا۔ اس حوالے سے انہوں نے کہاکہ تین افراد تشدد کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ انتظامی افسر لوکیش میشرہ کے مطابق پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے 3 ہندوؤں کو گرفتار کرلیا، دیگر 4 کی تلاش جاری ہے۔ بھارت میں گائے کے مبینہ ذبح اور اس کا گوشت کھانے پر متعدد افراد بالخصوص مسلمانوں اور دَلتوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ سال 2015 اور 2016 کے درمیانی عرصے میں گائے سمگل کرنے یا گائے کا گوشت کھانے کے شبے میں ہندو انتہا پسندوں کے حملوں کے واقعات میں مجموعی طور پر 10 مسلمان قتل کردیے گئے تھے۔ 2015 میں بھی ایک مسلمان شخص کو اس کے پڑوسیوں نے اس شبے میں قتل کردیا تھا کہ اس نے گائے کو ذبح کیا ہے تاہم بعد ازاں پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول کے گھر سے براذمد ہونے والا گوشت بکرے کا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن