کرپشن پر بڑے لوگ کٹہرے میں‘ سب قانون کے تابع ‘ یہی تبدیلی ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار کرپشن پر بڑے بڑے لوگ قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہورہے ہیں اور لوٹ مارکا دور نئے پاکستان میں نہیں چل سکتا۔ سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی اور بدعنوان عناصر نے ملک و قوم کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔ ماضی کے حکمرانوں کے ذاتی بینک بیلنس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے اور دوسری طرف عوام مسائل کی چکی میں پستے رہے۔ ماضی میں پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا جبکہ نیا پاکستان شفافیت کی طرف گامزن ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدل رہا ہے اور شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔ پوری قوم اپنے ادوار میں کرپشن کی انتہا کرنے والوں کا حساب چاہتی ہے۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، یہ نیا پاکستان ہے، یہاں سب قانون کے تابع ہیں اور تبدیلی یہی ہے کہ اپنے وقت کے حکمران بھی کرپشن کے الزام میں پکڑ میں آگئے ہیں۔ جس نے بھی کرپشن یا غلط کام کیا، اسے انجام بھگتنا ہوگا۔ سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے ملک کے مجرم ہیں اور جھوٹے دعویداروں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ قومی دولت لوٹنے و الوں کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 10برس میں میگا پراجیکٹس کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم رہا۔ ماضی کے حکمرانوں نے پاکستان کے ساتھ بہت ظلم و زیادتی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو نظرانداز کیا گیا اور ذاتی نمائش کے منصوبے شروع کیے گئے جس کے باعث عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف جہاد کررہی ہے اور ہم سرکاری خزانے کے امین ہیں، کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ممتاز عالم دین علامہ منیر احمد یوسفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس آج 20جولائی کو ہوگا۔