کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری، حوالدار شہید، 4 افراد زخمی، پاک فوج کا بھرپور جواب، کئی چوکیوں کو نقصان
سماہنی ، تتہ پانی (نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ)لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف سیکٹرز پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک حوالدار شہید اور خواتین سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بٹل، سَتوال، خنجر، نکیال اور جندروٹ سیکٹرز میں آرمی کی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ، مارٹر گولے اور راکٹ فائر کیے۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس سے کئی بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار منظور عباسی شہید جبکہ ایک خاتون اور دو لڑکیوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔