• news

مسلم لیگ ن بھنور میں، کوئی ٹیپ فرانزک لیب بھیجی نہ رپورٹ ملی: فردوس عاشق

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ایجنسیاں، نوائے وقت رپورٹ) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپشن کے سمندر میں غوطے کھانے والی (ن) لیگ بھنور میں پھنس چکی۔ عوامی مال کو جونکوں کی طرح چوسنے والوں نے آج پھر اثاثے بچائو بیٹھک لگا لی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے اپنی بے گناہی کا ثبوت کیوں نہیں دیتے؟ موروثی سیاسی گھرانوں کی سیاست ڈوب رہی ہے۔ سیاسی گرائونڈ کے 12 ویں کھلاڑی فضل الرحمن ان کی کشی کیسے پار کریں گے؟ جو خود پارلیمان سے باہر ہوں وہ کیا معاونت کریں گے؟ ایک دوسرے کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے والے کس منہ سے الزام دیتے ہیں۔ نئے پاکستان میں ادارے بااختیار اور قانون مافیا کے چنگل سے آزاد ہو چکا ہے۔ اختیارات کے غلط استعمال میں ملوث کسی بھی شخص کو گرفتار کیا جائے گا۔ فضل الرحمن پارلیمان سے باہر ہیں چیئرمین سینٹ کو کیا تبدیل کریں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سے متعلق ڈی جی فرانزک پنجاب کی رپورٹ چلائی گئی جبکہ ویڈیو، آڈیو کی کوئی حتمی رپورٹ نہیں بنی۔ مسلم لیگ ن عدالتوں،ایف آئی اے اور قومی احتساب بیورونیب کے اختیارات اپنی مرضی کے تحت استعمال کرنا چاہتی ہے۔ جھوٹ مافیا کا کام ہی ایسی کہانیاں ترتیب دینا ہے اور یہ (مسلم لیگی) اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگنا شروع ہوجاتا ہے۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے زیر نگرانی ہے اور ایف آئی اے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گی۔ ’16 برس قبل بنائی گئی ویڈیو کو 5 منٹ میں ردوبدل کرکے چلائی گی تاہم اس کے پس پشت مقاصد کے بارے میں ایف آئی اے عدالت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سے متعلق تمام رپورٹس کو من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا۔ فردوس عاشق نے قبائلی اضلاع میں پہلی مرتبہ انتخابات کے انعقاد کو امن کی جیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آزادانہ اور شفاف انتخابات پر قوم کو مبارک باد دیتی ہوں۔ مریم صفدر صاحبہ آپ کا بیانیہ کون مانے گا۔ پانامہ کے معاملے پر بھی آپ جھوٹ بولتی رہیں۔ کوئی ٹیپ پنجاب فرانزک لیب نہ بھیجی گئی نہ کوئی رپورٹ ہے۔ احسن اقبال ویڈیو سے متعلق غلط خبریں پھیلا رہے ہیں۔ سیاسی بلوغت سے عاری ٹولہ عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے۔ ان کے پاس عوام کو جواب دینے کا وقت نہیں مریم نواز کا خاندان 40 صندوقوں کے ساتھ باہر چلا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن