غزہ: ہفتہ وار امن ریلیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ، شیلنگ، 97 فلسطینی زخمی
غزہ(این این آئی )فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پرامن ہفتہ وار ریلیوں پر قابض صہیونی فوج نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ایک سو کے قریب فلسطینی زخمی ہو گئے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کو غزہ کی پٹی میں مسلسل 67 ویں ہفتے کوغزہ کے محاصرے کے خلاف اور حق واپسی کے لئے اسرائیلی پرچم نذرآتش کرو کے عنوان سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی مشرقی سرحد پر پرامن مظاہروں پر اسرائیلی فوج کے طاقت کے استعمال کے نتیجے میں امدادی کارکنوں اور ایک صحافی سمیت 97 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ بعض فلسطینی آنسوگیس کی شیلنگ اور دیگر گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔غرب اردن کے وسطی شہر رملہ میں بعلین اور قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقامات پر فلسطینی شہریوں نے یہودی آباد کاری اور نسلی دیوار کے خلاف ہفتہ وار مظاہرے کئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر فائرنگ کی اورآنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔