نارووال جانیوالی مسافر ٹرین کی بریک فیل‘ لاہور سٹیشن پر پٹڑی سے اتر گئی
نارنگ منڈی + کراچی (نامہ نگار‘ آئی این پی) مسافر ٹرین کی بریک بوگی پٹڑی سے اترگئی، ٹرین دوگھنٹے تک لاہور ریلوے پلیٹ فارم نمبر3پر بے یارومددگار کھڑی رہی۔ اتوار چھٹی کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی اٹھانا پڑی مسافروں کا ڈیلی پسنجرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین حافظ عبدالقیوم کی قیادت میں زبردست احتجاج، ڈی ایس ریلویز کو اطلاع دینے کے باوجود ٹرین تاخیر کا شکار ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ صبح 10بجے لاہور سے نارووال کیلئے روانہ ہونے والی 211اپ نارووال پسنجر ٹرین کی گارڈ والی بریک بوگی لاہور ریلوے پلیٹ فارم نمبر3پر ٹرین کو ریورس کرتے ہوئے پٹری سے اترگئی، ریلوے حکام نے متبادل بریک بوگی لگانے کی بجائے دوگھنٹے تک ٹرین کو کھڑی رکھا۔محکمہ ریلوے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی آمدورفت 2ماہ بعد بھی معمول پر نہ آسکی اور کئی ٹرینیں اپنے مقررہ وقت کے کئی گھنٹوں بعد منزل پر پہنچ رہی ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق کراچی ایکسپریس کی آمد میں 8گھنٹے، تیز گام ساڑھے چار گھنٹے، ہزار ایکسپریس 2 گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 7 گھنٹے، سرسید ایکسپریس 2، شاہ حسین 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایکسپریس کی آمد میں بھی تین گھنٹے تاخیر ہوئی۔ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر کی وجہ سے مسافر پریشانی کا شکار ہیں اور کراچی سمیت دیگر شہروں کے اسٹیشنز پر مسافروں کا رش لگا ہوا ہے جو اپنی گاڑی کے منتظر ہیں۔