پاکستان کی داخلی صورتحال پہلے سے کہیں بہتر ، بلوچستان توجہ کا محور ہے : فوجی ترجمان
واشنگٹن (این این آئی+ صباح نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ چیف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ امریکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے لیے پینٹاگون کا دورہ کریں گے۔صدرڈونلڈٹرمپ سے ملاقات کے دوران بری فوج کے سربراہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہونگے۔ گزشتہ روز پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاصدرٹرمپ سے ملاقات کے دوران بری فوج کے سربراہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہونگے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کی داخلی صورتحال اب پہلے سے کہیں بہتر ہے۔پاکستانی قوم اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔ افواج پاکستان نے سرحدوں کا بہادری سے بھرپور دفاع کیا۔ پاک افغان سرحد کے ساتھ سیکورٹی باڑ کی تعمیر کے بعد سرحدی کنٹرول میں کافی بہتری آئی ہے انہوں نے کہا کہ سرحدی باڑ سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔اب سیکورٹی فورسز کی توجہ کا محور بلوچستان میں ترقی اور سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو ہے۔انہوں نے میڈیا کو رواں سال فروری میں بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافے اور ملک میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے بیرون ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار کی تعریف کی۔افغانستان سے ملحقہ سرحد پر باڑ لگانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آصف غفور نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرحدی باڑ لگنے سے دہشت گردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے۔دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر تعمیر و ترقی اور بحالی کا کام جاری ہے۔