• news

قبائلی اضلاع میں الیکشن جے یو آئی (ف) کی 3سیٹیں ہوگئیں ، آزاد امیدوار حکومت سے رابطے میں ہیں : پرویز خٹک

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے خیبر پی کے میں ضم ہونے والے قبائلی علاقہ جات کے سولہ انتخابی حلقوں کے حتمی نتائج کا اعلان کردیا ہے اور ان کے فارم 47 بھی جاری کردیے ہیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق چھ آزاد امیدواروں نے بھی میدان مار لیا۔ حکمران جماعت پی ٹی آئی 5 نشستوں پر کامیاب، جے یو آئی(ف) تین، اے این پی اور جماعت اسلامی کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہو گیا۔ اتوارکو الیکشن کمشن کی جانب سے جاری کئے گئے غیرحتمی نتائج کے مطابق پی کے100 باجوڑI سے پاکستان تحریک انصاف کے انور زیب خان12 ہزار951 ‘ پی کے 101 باجوڑ سے پاکستان تحریک انصاف کے اجمل خان 12 ہزار194 ووٹ‘ پی کے 102باجوڑ III سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیدوار سراج الدین‘ پی کے 103مہمند سے عوامی نیشنل پارٹی کے نثار احمد 11ہزار247 ووٹ ‘ پی کے 104مہمندII سے آزاد امیدوار عباس الرحمان 11 ہزار751 ‘ پی کے 105 خیبرI سے آزاد امیدوار شفیق آفریدی19 ہزار733 ‘ پی کے 106 خیبرII سے آزاد امیدواربلاول آفریدی 12 ہزار814 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔ پی کے 107 خیبرIII سے آزاد امیدوار محمد شفیق 9 ہزار796 ووٹ‘ پی کے 108کرم I سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے محمد ریاض 11 ہزار948 ووٹ‘ پی کے 109 کرمII سے پاکستان تحریک انصاف کے سید اقبال میاں 39 ہزار536 ووٹ لے جیت گئے۔ پی کے 110 اورکزئی میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 24.08 فیصد رہی جبکہ یہاں سے آزاد امیدوار سید غازی غزن جمال18 ہزار448 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔ پی کے 111شمالی وزیرستان سے پاکستان تحریک انصاف کے محمد اقبال خان 10 ہزار200 ووٹ‘ پی کے 115 میں جے یو آئی (ف)کے محمد شعیب 18102 ووٹ لے کر جبکہ پی کے 114 جنوبی وزیرستان میں پی ٹی آئی کے نصیر اللہ خان 11114 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔فیئر اینڈ فری الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے قبائلی اضلاع کے انتخابات کو پرامن قرار دیدیا۔ فافن نے انتخابات کے حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں 27.6 فیصد لوگوں نے ووٹ ڈالے۔ الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ توقع سے کم رہا۔ انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ جولائی 2018 ء کے انتخابات سے 6.3 فیصد کم رہا۔ خواتین کا ٹرن آؤٹ 20 فیصد رہا۔ گزشتہ عام انتخابات میں خواتین کا ٹرن آؤٹ 23.8 فیصد تھا۔ کسی جگہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی اطلاع نہیں ملی۔ مردوں کا ٹرن آؤٹ 33 فیصد رہا جو گزشتہ انتخابات میں 40.3 فیصد تھا۔ الیکشن کا دن مجموعی طور پر پرامن رہا۔ انتخابات الیکشن ایکٹ 2017ء کے عین مطابق ہوئے۔ سکیورٹی ادارے‘ الیکشن کمشن انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔ خیبر‘ مہمند اور کرم میں تشدد کے تین واقعات رپورٹ ہوئے۔ پی کے 105 ‘ پی کے 109 میں مختلف سپورٹرز کے درمیان تصادم ہوا۔ پی کے 103 میں فائرنگ کے باعث دو افراد زخمی ہوئے۔
الیکشن


اسلام آباد (این این آئی) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں جیتنے والے آزاد امید وار حکومت سے رابطے میں ہیں، پرامن انتخابات پر عوام ، سکیورٹی فورسز اورالیکشن کمشن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ایک بیان میں پرویز خٹک نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں تحریک انصاف اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے اور جیتنے والے امیدوار بھی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دورہ امریکہ کے دوران وزیراعظم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت معاشی مشکلات ضرورہیں لیکن اچھاوقت جلد آنیوالا ہے۔ عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار طاقتور افراد پر ہاتھ ڈالا ہے۔
پرویز خٹک

ای پیپر-دی نیشن