گرفتاریاں راستہ نہیں روک سکتیں ، لڑکھڑاتی حکومت کے دن گنے جاچکے : مریم
لاہور+ فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز فیصل آباد میں کارکنوں کے جلسے سے خطاب کیلئے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا سے روانہ ہوئیں۔ فیصل آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس حکومت کو اپوزیشن کے رہنماؤں کو بند کرنا پڑے، جس حکومت کو کارکنوں کو گرفتار کرنا، بند کرنا پڑے، جس حکومت کو جلسوں، آوازوں، راستوں اور سڑکوں کو بند کرنا پڑے، اس حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت لڑکھڑا رہی اور آخری سانسوں پر ہے۔ جلسے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے مریم نواز کی تصویر جاری کی گئی ہے جس میں وہ سبز لباس میں ہیں اور اس پر ان کے والد نواز شریف کی تصویر بنی ہوئی اور ان کی رہائی کا نعرہ بھی درج ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک بار پھر ڈیل کی خبروں کو مسترد کر دیا۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ دنیا کوپتا ہے عمران خان سلیکٹڈ ہیں اسی لئے انہیں اپنے ساتھ عسکری قیادت کو بھی امریکہ لے جانا پڑا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ادھر ادھر سے میسجز ملتے ہیں لیکن اس پر ردعمل دینا آپ کی صوبدید پر ہے۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ن لیگ نہ رابطے کرے گی اور نہ ڈیل۔ ڈیل کرنا ہوتی تو نوازشریف جیل میں نہ ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیل کے لوازمات کو عمران خان جیسا سلیکٹڈ تو پورا کر سکتا ہے لیکن میاں صاحب اور مسلم لیگ ن جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا نہیں گھونپ سکتے اور نہ ہی عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں کارکنوں کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ مریم نواز کے فیصل آباد پہنچنے پر کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا گرفتاریاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔