• news

ورلڈ کپ فائنل میںاوورتھرو پر 6رنز ، دھرما سینا نے غلطی کا اعتراف کرلیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر )سری لنکن امپائر دھرما سینا نے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کو اوور تھرو کے 6 رنز دینے پر غلطی کا اعتراف کرلیا۔کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے سری لنکن امپائر دھرما سینا کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ فائنل میں اوور تھرو پر 6 رنز دینا غلطی تھی تاہم مجھے اپنے فیصلے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے لیے ٹی وی پر ری پلے دیکھ کر بات کرنا بہت آسان ہے تاہم میدان میں ری پلے کی سہولت نہیں ہوتی، آئی سی سی نے میرے فیصلے کی تعریف کی ہے۔واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آخری اوور میں مارٹن گپٹل نے کیپر کی جانب گیند پھینکی جو بین سٹوکس سے ٹکرانے کے بعد باؤنڈری پار کر گئی تھی جس کے باعث میچ ٹائی ہوگیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سپراوور میں بھی برابر رہا تھا تاہم زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر انگلینڈ کو ورلڈکپ کا فاتح قرار دیا گیا تھا۔آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سابق امپائر سائمن ٹافل نے بھی دھرما سینا کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ امپائر کو 5 رنز دینے چاہیے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن