کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے: وقار یونس
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان وقار یونس قومی ٹیم کی دوبارہ کوچنگ میں دلچسپی ظاہر نہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم پر کوئی سمجھوتہ نہ کرے۔قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے ورلڈ کپ سے قومی ٹیم کے سکواڈ کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ آخری لمحات تک ہمارے حتمی ورلڈ کپ سکواڈ کا فیصلہ نہیں ہوا تھا، یہ ایک بڑا مسئلہ ہے کہ ہمارے سینئر کھلاڑی اپنے کیریئر کو بلا وجہ طول دینے کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں کوئی یہ کہنے والا نہیں کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آپ عزت کے ساتھ ریٹائر ہو جائیں۔ ہم گزشتہ کچھ سالوں سے اسی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں، آخری لمحات پر سینئرز کو ٹیم کا حصہ بنا لیا جاتا ہے کیونکہ حکام بڑے ایونٹس میں ہارنے سے ڈرتے ہیں۔ جس طرح ہم بمشکل افغانستان کیخلاف آخری اوور میں جیتے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، ہمارا مسئلہ یہی ہے کہ ہم ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے فٹنس مسائل، سینئر کھلاڑیوں سمیت دیگر چیزوں پر سمجھوتہ کر لیتے ہیں۔ مکی آرتھر کی باتیں بھی شاید میری طرح نہیں مانی گئیں کیونکہ نتائج تو وہی ہیں، اسلئے پاکستان کرکٹ کو لگی لپٹی سیاست کی نذر کرنے کے بجائے آگے جانا چاہیے۔نئی پیشکش کے بارے میں کبھی نہیں سوچا، نیا بورڈ نئی سوچ کیساتھ نئے لوگوں کو لارہاہے جو اچھی بات ہے،میں عہدے کے بجائے پاکستان کرکٹ کی بہتری چاہتا ہوں اور یہ ضروری نہیں کہ میں ہیڈ کوچ بن کر ہی بہتری لائوں، کسی بھی جگہ رہ کر بہتری لائی جا سکتی ہے البتہ اگر مجھے پیشکش ہوئی تو ضرور سوچوں گا۔