اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سونا 600 روپے تولہ مہنگا
لاہور (کامرس رپورٹر) روپے کی قدر میں کمی کے باعث سونا مہنگا ہو گیا ہے عالمی مارکیٹ میں ایک اونس سونے کی قیمت میں ایک ڈالر اضافہ ہوا جبکہ ایک تولہ سونا چھ سو روپے مہنگا ہو گیا ہے۔ جیولرزکے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت چھ سو روپے کے اضافے سے تراسی ہزار نو سو روپے ہو گئی ہے۔ دوسری جانب مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور انٹر بینک میں ڈالر مزید 34 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا۔ ڈالر 160 روپے 70 پیسے تک فروخت ہوا ۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 34 پیسے کے اضافے سے 160 روپے 53 پیسے رہی تاہم، یورو 9 پیسے سستا ہو کر 180 روپے 6 پیسے اور برطانوی پاونڈ 39 پیسے سستا ہو کر 200 روپے 8 پیسے کا ہو گیا ہے۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 20 پیسے کے اضافے سے 160 روپے 80 پیسے ہو گئی یورو کی قیمت فروخت 50 پیسے کی کمی 180 روپے 50 پیسے اور برطانوی پاونڈ کی 50 پیسے کی کمی سے 201 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔