انڈر19کرکٹ ایمرجنگ ہائی پرفارمنس کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ایمرجنگ ہائی پرفارمنس کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگیا۔ دورہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم میں شامل 17 کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا گیا تھا۔ کیمپ کے پہلے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کوڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے ساتھ ساتھ ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں پر لیکچر دئیے گئے۔ بعدازاں کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی میڈیکل اسکریننگ کی گئی۔ اسکریننگ میں بائیو میکینکل اور دیگر میڈیکل ٹیسٹ شامل تھے۔ پہلے روز کے اختتام پر قومی انڈر 19 کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ بھی لیے گئے۔فٹنس ٹیسٹ کے دوران نوجوان کھلاڑیوں کے پش اپس اور اسپرنٹ ٹیسٹ لیے گئے۔پہلے سیشن میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔