نئے پاکستان میں کوئی وی آئی پی قیدی نہیں ہوگا: میاں اسلم اقبال
لاہور (اے پی پی ) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد کرپشن کے خلاف ہے۔ جبکہ اپوزیشن کا احتجاج اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ہے۔ اپوزیشن کو جمہوریت اور عوام کا کوئی درد نہیں بلکہ اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خاتمے کیلئے جہاد کر رہے ہیں۔ جس سے لوٹ مار کرنے والے قبیلے کی پریشانی بڑھ رہی ہے۔ یہ عناصر یاد رکھیں ملک میں افراتفری، شورشرابہ اور احتجاج کے ذریعے کرپشن اب چھپائی نہیں جا سکتی۔کرپٹ ٹولے کو حساب دینا ہو گا، قومی دولت لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی کی وصولی ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے کیمپ آفس میں پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امریکی صدر سے ملاقات کے دوران عمران خان کے قومی لباس اور باڈی لینگوئج نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ وزیراعظم 22 کروڑ عوام کی توقعات پر پورا ترے ہیں۔ ثابت ہوا کہ شخصیت سچی ہوتو پرچیوں کی ضرورت نہیں رہتی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا نے عمران خان کے دورہ امریکہ کو انتہائی اہمیت دی ہے۔ خارجہ محاذ پر پاکستان نے تیزی سے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔