فیصل آباد ریلی: مقدمات میں نامزد افراد 5 ہزار ہو گئے‘ ضمانت نہیں کرائینگے‘ اہلیہ رانا ثناء
لاہور + فیصل آباد (این این آئی + صباح نیوز) رانا ثناء اللہ خان کی اہلیہ نبیلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں ہمارے خلاف جو مقدمات درج کئے گئے ہیں، ان میں ضمانت نہیں کرائیں گے۔ عوام کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کر کے ثابت کر دیا کہ رانا ثنا اللہ بے گناہ ہے ، ہمارے فیصل آباد میں آبائی گھر میں قائم مدرسے کے اکائونٹ کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میری صحت اور کھانے کے حوالے سے کوئی بات نہ کی جائے۔ کیمپ جیل میں رانا ثنا اللہ سے ملاقات کے بعد اپنے داماد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نبیلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جیل والوں نے بتایا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی ایم آر آئی کروائی گئی ہے جس کی رپورٹ ٹھیک آئی ہے۔ ہمیں بتایا جائے جیل میں تو ایم آر آئی ہوتی نہیں تو کہاں سے کرائی گئی ہے۔کیا خلائی مخلوق نے رانا ثناء اللہ کا جیل میں ایم آئی آر کیا۔ اگر رانا صاحب کو کچھ ہوا تو عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔ حکومت نے ہمارے خلاف جو کرنا ہے کر لے ہمیں کوئی پرواہ نہیں۔ دوسری جانب فیصل آباد میں ریلی نکالنے پر پارٹی قیادت بشمول نائب صدر مریم نواز اور دیگر5 ہزار افراد کے خلاف چھ تھانوں میں مقدمات درج کرلیے گئے۔ مقدمات تھانہ سرگودھا روڈ، نشاط آباد، فیکڑی ایریا، سمن آباد، ریل بازار اور سول لائن میں درج کیے گئے۔ جن میں روڈ بلاک کرنا، سرکاری احکامات نہ ماننا، غیر قانونی جلسہ اور انتشار پھیلانے سمیت مختلف دفعات شامل کی گئیں۔ مقدمات میں مریم نواز، کیپٹن صفدر، رانا ثنااللہ کی اہلیہ، داماد، تین ارکان قومی اسمبلی اور تین اراکین پنجاب اسمبلی‘ سابق گورنر سندھ محمد زبیر، سابق معاون خصوصی مصدق، طلال چوہدری، سٹی صدر شیخ اعجاز اور سابق میئر رزاق مالک کو بھی شامل کیا گیا۔