عمران ، ٹرمپ ملاقات سے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوئی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے میںانجینئرنگ و ٹیکنیکل سٹاف کی خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹیکنیکل سٹاف کی خالی آسامیوں پر صرف اشد ضرورت کے تحت بھرتی کی جائے۔ اجلاس میں شاہکام چوک پر ٹریفک جام کے دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے فلائی اوور کی تعمیر اور ڈیفنس روڈ سے لیبر کالونی شاہکام چوک تک سڑک کے توسیعی منصوبے کوجلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے شہر کی سڑکوں کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ایل ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ اپنی حدود میں خستہ حال سڑکوں کی مرمت یقینی بنائیں۔ ایل ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ شفافیت لانے کیلئے ایل ڈی اے کو مکمل طورپر آٹو میشن پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو زیادہ اور بروقت سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ارفع کریم آئی ٹی ٹاور سے ملحقہ پرانی سبزی منڈی میں ایک اور آئی ٹی ٹاور بنایا جائے گا۔ لاہورکی بند سٹریٹ لائٹس کو درست کیا جائے۔ لاہورکے شہریوںکو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ واٹر سپلائی اور سیوریج کے نئے منصوبے شروع کیے جائیںگے۔ عوام کو بہترین سروس ڈلیوری کے لئے ایل ڈی اے کو لیڈ لینا ہوگی۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات سے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ عمران خان کوامریکہ میں تاریخ ساز پذیرائی اور سفارتی محاذ پر بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پاک بھارت تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ تعلقات کو نئی جہت دے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے قومی مفادات کو مقدم رکھا۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے پاک امریکہ تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا رکھنے کی سازش کرنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ مخالفین کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2019-20 ء کے تحت مختلف منصوبوں کیلئے 52 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کیلئے جامع میکانزم تشکیل دیا گیا ہے۔ تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبے کی سطح پر منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی اور منصوبوں کے تعمیراتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صادق آباد میں12 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر پھانسی دینے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او رحیم یار خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدار سے رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد محی الدین خان کھوسہ، سابق رکن قومی اسمبلی سردار محمد سیف الدین خان کھوسہ اور سردار عمر کھوسہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی خصوصاً جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے کی جانب موڑ دیا ہے۔ عثمان بزدار نے تحریک پاکستان کے کارکن و سابق ہاکی او لمپیئن خواجہ اسلم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔