عمران بتائیں امریکہ کیلئے’’ڈومور ‘‘کی کیا پیشکش کی ، کشمیر پر پالیسی بدل دی؟:شہباز شریف
لاہور (نیوز رپورٹر) شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف جیسے محبت وطن اور عوام سے وفا کرنے والے شخص پر کم ظرفانہ الزامات عائد کرکے عمران نیازی کا ذہنی دیوالیہ پن پوری طرح عیاں ہوچکا ہے۔ کاش وہ پاکستان اور اس کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے۔ عمران خان کے دورہ امریکہ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے امریکہ میں اپنے خطاب سے اتحاد کا پیغام دینے کا نادر موقع ضائع کردیا۔ وہ نوازشریف کے خوف میں جیتے ہیں اور اس سے ہٹ کر سوچنے کی صلاحیت کھو بیٹھے ہیں۔ نواز شریف سے ٹی وی اور ائیر کنڈیشنر چھیننے کی بات کرکے عمران نیازی نے کم ظرفی اور ہلکے پن کا مظاہرہ کیا۔ ثابت ہوا کہ وہ وزیراعظم کے منصب کے لئے انتہائی ناموزوں شخص ہیں۔ بسوں پر سفر کی شعبدہ بازی کے بجائے بہتر ہوتا کہ پاکستان کے عوام کے لئے اہم معاملات پر ٹھوس پیشرفت کرتے۔ موصوف نے ایک مرتبہ پھر یوٹرن لے کر اپنے ہی بیانات اور دعووں کا جنازہ نکال دیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان لانے کے دعویدار نے امریکہ میں صحافی کو اس پر سوال کرنے سے روک دیا۔ عمران نیازی نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی بات نہیں کی۔ کیا عمران نیازی کی حکومت نے کشمیر پر پاکستان کی پالیسی تبدیل کردی ہے؟ میڈیا کو کنٹرول کرنے کی بات کرکے عمران نیازی نے امریکہ میں اپنی آمرانہ ذہنیت بے نقاب کردی ہے۔ اپنی حکومت میں میڈیا کے آزاد ہونے کا عالمی جھوٹ بولا۔ قوم اور میڈیا نے دیکھ لیا کہ عمران نیازی کس پائے کا جھوٹ بولتے ہیں کیونکہ آج ملک میں بدترین سنسرشپ ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب نواز شریف نے بھارت سے اچھے تعلقات کی بات کی تو عمران نیازی نے انہیں ’مودی کا یار‘ کہا۔ آج عمران نیازی نے نواز شریف ویژن اپنا لیا ہے۔ نواز شریف ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے تھے۔ صرف یہ ثابت ہوا کہ وہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔