قومی ہاکی چیمپئن شپ عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں شروع
کراچی(سپورٹس رپورٹر) 65 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگئی،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام 65ویں ایئرمارشل ( مرحوم) نور خان نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے پہلے روز کھیلے گئے پانچ میچز میں کے پی کے، پورٹ قاسم،پنجاب،میزبان سندھ اور پی آئی اے نے اپنے میچز میں فتوحات سمیٹ لیں۔مہمان خصوصی چیئر مین پی آئی اے کے مشیر ایئروائس مارشل نورعباس نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ چیئرمین پی آئی اے کے میشر ایئر وائس مارشل نور عباس نے کہا کہ ہاکی میں پاکستان کاشاندار ماضی رہا ہے، امید ہے کہ جلد ہاکی کا وقار بحال ہو جائے گا۔ پی آئی اے مالی طور پر زیادہ مستحکم نہیں لیکن اب ہم خسارہ کی کیفیت سے نکل رہے ہیں،پی آئی اے نے ماضی میں بھی ہاکی فیڈریشن کو سپورٹ کیا ہے،مستقبل میں بھی تعاون جاری رہیگا۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپئین حنیف خان اور کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سٹیڈیم ہاسٹل پہنچنے والے اسلام آباد، کے پی کے، فاٹا، بلوچستان کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روز شہرمیں ہونے والی بارش کے بعد بجلی نہ ہونے کے سبب تلے گزاری جبکہ متبادل جنریٹرنہ ہونے پر کھلاڑیوں نے احتجاج بھی کیا ۔بدھ کو بھی چیمپئن شپ میں پانچ میچز شیڈول ہیں، پی ایچ ایف نے اپنے جاری کردہ شیڈول میں تبدیلی کی ہے،جس میں افتتاحی روز نیشنل بینک کا میچ پولیس سے رکھا گیا تھا جس کو تبدیل کردیا گیا تھا یہ میچ آج ری شیڈول کیا گیا ہے ،اس میچ کی جگہ پی آئی اے اور ایئرفورس کا میچ رکھا گیا۔