• news

گلگت بلتستان:سطح سمندر سے 12ہزار فٹ کی بلندی پر کھیلوں کے مقابلے

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )گلگت بلتستان کی خوبصورت ترین وادی ہراموش کے علاقے کھلتارو میں سطح سمندر سے 12 ہزار فٹ کے بلندی میں سپورٹس فیسٹیول سجایاگیا ہے،گلئیشرز کے دامن میں کھلاڑیوں نے ماحول کو گرما دیا۔گلگت ہراموش کی خوبصورت ترین وادی ہے اور اس کا دلفریب علاقے کھلتارو میں مقامی کمیونٹی نے اپنی مدد اپ کے تحت دنیا کا بلند ترین اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے کا دعوی کیا ہے، اس ایونٹ میں ہراموش سمیت گلگت سے بھی مختلف ٹیموں نے شرکت کی۔ 5 روزہ سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ سمیت مقامی کھیل بسرا ، بل بٹ و دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی رکھے گئے۔’’بسرا‘‘ اس علاقے کا نہایت ہی دلچسپ اور روایتی کھیل ہے۔ اس کھیل میں دو کھلاڑی اپنا ایک پاوں اپنے ہاتھ سے پکڑ کر ایک دوسرے سے زور آزمائی یعنی کشتی کرتے ہیں جو دوسرے کو گرا یعنی چت کردیتاہے وہ فاتح قرار پاتا ہے۔اسی طرح ’’بل بٹ ‘‘ بھی اس علاقے کا قدیم روایتی کھیل ہے۔ اس کھیل میں مختلف اوزان کے پتھر دور پھینکنے کا مقابلہ ہوتا ہے۔ مختلف عمر کے لوگ مختلف وزن کے پتھر پھینکتے ہیں جس کا پتھر زیادہ فاصلے پر جاکر گرتا ہے وہ فاتح قرار پاتاہے۔کھلتارو کے بلند ترین میدان میں آکسیجن کے کمی کے باوجود نوجوانوں اور مقامی بزرگوں کا شوق دیدنی تھا جبکہ مقامی دھنوں پر نوجوانوں سمیت بزرگوں نے بھی خوب دھمال ڈالی۔منتظمین نے بتایا کہ ایونٹ کا مقصد نہ صرف علاقے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے بلکہ گلگت بلتستان کی اس بلند ترین اور اس خوبصورت وادی کو دنیا کے سامنے متعارف بھی کرانا ہے تاکہ اس علاقے میں سیاحت فروغ پا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن