سابق چینی وزیر اعظم لی پینگ انتقال کر گئے‘ عمران خان کا اظہار افسوس
بیجنگ (این این آئی + نوائے وقت نیوز) سابق چینی وزیر اعظم لی پینگ انتقال کر گئے ہیں۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق نوے سالہ پینگ طویل عرصے سے بیمار تھے۔ وہ 1987ء سے 1998ء تک ملکی وزیر اعظم رہے تھے۔ لی پینگ کو 1987ء میں بیجنگ کے تیانانمن سکوائر پر جمہوریت نواز مظاہرین کے خلاف خونریز کارروائی کی وجہ سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے سابق وزیراعظم لی پنگ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چین کے سابق وزیراعظم لی پنگ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ سابق چینی وزیراعظم نے چین کی ترقی اور خوشحالی سمیت خطے میں امن قائم رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے لکھا کہ لی پنگ پاکستان کے ایک مخلص دوست تھے جنہیں پاکستان اور چین کی دوستی کو مضبوط کرنے میں زبردست کردار ادا کرنے پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔