• news

پنجاب کی زرعی انڈسٹری سے ملکر کام کرنا چاہتے ہیں، کورین سفیر، پرویز الٰہی سے ملاقات

لاہور (نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے جمہوریہ کوریا کے سفیر سنگ کی کرواک اور پارلیمانی وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں جنوبی کوریا قومی اسمبلی کے ارکان محترمہ بی سک چو اور دون چن جنگ کے علاوہ چھ اعلیٰ سفارتکار بھی شامل تھے۔ کورین سفیر اور سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعلقات اور رابطوں میں اضافہ پر زور دیا۔ کوریا کے سفیر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات شروع سے ہی دوستانہ ہیں۔ کورین عوام پاکستان بالخصوص پنجابی کلچر سے بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں بھی مزید تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان الیکٹرانکس مصنوعات کی بڑی مارکیٹ ہے۔ سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے 9 رکنی وفد کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور تعلقات 45 سال سے قائم ہیں۔ حالیہ برسوں میں باہمی تجارت بڑھ کر ایک ارب امریکی ڈالر سے زائد ہو گئی ہے جو دونوں ملکوں کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا ثبوت ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے وفد کو پنجاب اسمبلی کی تاریخ اور ورکنگ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں پروگرام کوآرڈی نیٹر انٹرنیشنل اسمبلی سیکرٹریٹ سفارتخانے کے منسٹر قونصلر فرسٹ سیکرٹری اور ایڈمنسٹریٹو آفیسر بھی شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن