سیاسی وفاداری تبدیل نہیں کر سکتے، کلثوم پروین،دلاور خان
اسلام آباد ( محمد نوا رضا وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے سے انکار کر دیا ہے اور کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ارکان کی’’ سیاسی وفاداریاں‘‘ تبدیل کرنے کی کوششیں ترک کر کے چیئرمین سینیٹ کو تحریک عدم اعتماد ٹیبل ہونے سے قبل استعفاٰ دینے کا مشورہ دے دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو سینیٹرز بیگم کلثوم پروین اور دلاور خان کا قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفر الحق کے نمائندے سے رابطہ قائم ہو ا انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پارٹی کے فیصلے کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں میزبان کے اصرار پر شرکت کی ہے سیاسی وفاداری تبدیل کرنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا ۔ رات گئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفر الحق نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے اپوزیشن کا ’’نمبر آف گیم ‘‘ پورا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمنٰ نے جام کمال اور سینیٹر شبلی فراز کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم کی واپسی بارے میں ’’ٹکا‘‘ سا جواب دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمنٰ نے کہا ہے کہ پلوں کے نیچے سے بہت پانی بہہ چکا ہے لہذا اب کھیل ختم ہونے والاہے۔