• news

اپوزیشن کا آج یوم سیاہ ، پکڑ دھکڑ ، متعدد لیگی کارکن گرفتار، پی ٹی آئی یوم تشکر منائیگی

اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندگان) متحدہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلے کے مطابق عام انتخابات میں مبینہ دھندلیوں کے خلاف آج جمعرات 25 جولائی کو پورے ملک میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔ اپوزیشن کی جانب سے صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاجی جلسے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ دیگر مقامات پر بھی احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ مختلف مقامات پر جلسوں کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کو میزبانی سونپی گئی ہے اور اس سلسلہ کی مرکزی تقریب پشاور میں ہوگی جس سے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ متحدہ اپوزیشن آج لاہور میں بھی پاور شو کرے گی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کی طرف سے رات گئے تک اجازت نہ دی گئی، متحدہ اپوزیشن پابندی کے باوجود آج شام 6 بجے مال روڈ چیئرنگ کراس پر جلسہ کرے گی۔ اس حوالے سے گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن کی صوبائی قیادت کا ماڈل ٹائون میں مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج مال روڈ پر ہر صورت جلسہ ہو گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے قمر الزمان کائرہ، اسلم گل، چودھری منظور، مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر اور ابتسام الٰہی ظہیر جمعیت علماء اسلام کے مولانا امجد خان، اے این پی کے احسان وائیں، منظور احمد اور امیر حیدر ہوتی خطاب کریں گے۔ اجلاس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود احمد خان نے دیگر جماعتوں کے ہمراہ ماڈل ٹائون میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آئی ایم ایف کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ مہنگائی سے دو وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگیا ہے ، لولی لنگڑی جمہوریت چلتی رہی لیکن بدقسمتی سے عمران خان سول ڈکٹیٹر ثابت ہوئے اور بنیادی حقوق ہی چھین لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پینتالیس مائوتھ پیس سے گرفتاریاں کرکے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کی، ظفروال، منڈی بہائوالدین میں مریم نواز کے جلسے کیلئے پانی چھوڑا، کریک ڈائون کیا لیکن لوگ نکلے۔ فیصل آباد میں کریک ڈائون ہوچکا، عمران خان کا امریکی میوزک کنسرٹ لوگوں کو دکھایا جاتا ہے لیکن مریم نواز کی تقریر پر پابندی لگائی جاتی ہے، حمزہ شہباز کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا، شہبازشریف کے اوپر بھی الزامات لگائے چھ سو ملین ڈالر کا فائدہ پہنچانے والے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے ٹرینوں کا بیڑا غرق کر دیا، حادثات پر اللہ کو جواب دینا ہو گا۔ ٹرمپ ملاقات میں نوازشریف کو ایک اور تمغہ لگا کہ پچھلی حکومت ہماری بات نہیں سنتی تھی، نوازشریف کا ایک قصور پاکستان کی بات کرتے ہیں ڈکٹیشن نہیں لیتے، سی پیک کا تاریخی معاہدے کے وقت بھی ملک کا مفاد سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پوچھنا چاہتی ہے ملک کے فیصلے کون کررہا ہے۔ چئیرنگ کراس جلسہ کیلئے حکومتی لوگوں اور انتظامیہ سے اجازت کی ضرورت نہیں اگر کسی نے روکنے کی کوشش کی تو نتائج کا ذمہ دار خود ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جیلیں بھر کر لوگوں کو روکا نہیں جا سکا اگر کسی نے پٹھو حکومت کے کہنے پر غلامی کرنے کے کوشش کی تو ہم لسٹیں بنا رہے ہیں جو شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بنے تو وقت آنے پر کٹہرے اور چارج شیٹ کریں گے، کل کا دن یوم سیاہ آغاز ہے، حکومت سے مکمل چھٹکارے تک تحریک چلتی رہے گی۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اسلم گل نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک کامیاب ہوگی۔ جمعیت علماء اسلام کے مر کزی سیکرٹری جنرل سنیٹر مولانا عبد الغفورحیدری نے کہاکہ جے یو آئی کل 25 جو لائی کو بھر پور طریقے سے ملک بھر میں اپوزیشن کے پلیٹ یوم سیاہ منائے گی۔ جے یو آئی کے ملین مارچ پروگرام جاری رہیں گے۔ جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹریز حاجی اکرم خان درانی، مولانا محمد امجد خان ، سید فضل آغا، محمد اسلم غوری اور مر کزی سیکرٹر اطلاعات حافظ حسین احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء جے یو آئی کے صوبائی اور ضلعی رہنمائوں مولانا ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن ،مولانا صفی اللہ، محمد اقبال اعوان، مولانا محب النبی ،حا فظ اشرف گجر ،حافظ ریاض درانی ،جمال عبد الناصر ،محمد افضل ،سلیم اللہ قادری ،حاجی عرفان شجاع ،قاری محمد عمران،مولانا فصیح الدین ،بلال احمد میر نے کہاکہ جے یوآئی مال روڈ پر اپوزیشن جماعتوں کے یوم سیاہ کے پروگرام میں بھر پور شرکت کرے گی ۔ پاکستان مسلم لیگ ن سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں عوامی مینڈیٹ پر سب سے بڑے ڈاکے کے خلاف آج (جمعرات) پوری قوم سراپا احتجاج ہو گی اور یوم سیاہ منائے گی۔ کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور میں جلسے ہوں گے اور اسلام آباد میں احتجاج ہوگا، ایک سال میں حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا۔ مصنوعی بندوبست زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ عمران خان ہمیں گرفتاریوں سے نہ ڈرائیں۔ عمران خان پاکستان کا گورباچوف ثابت ہوچکا ہے، حکومت نے سرمایہ کار کا اعتماد ختم کر دیا ہے، سی پیک منصوبے کو عملاً مفلوج کر دیا گیا ہے۔ عمران خان پاکستانی ہٹلر بننا چاہتے ہیں، ہم میڈیا کی آزادی کسی کو سلب نہیں کرنے دیں گے۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا لگتا ہے رحمٰن ملک کو اپوزیشن اکٹھی ہوتی اچھی نہیں لگ رہی، امید ہے پیپلز پارٹی رحمٰن ملک کے بیان کا نوٹس لے گی۔ دوسری طرف اپوزیشن کارکنان پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی ہے۔ متعدد کارکن گرفتار کرلئے گئے۔ دوسری طرف تحریک انصاف نے آج ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مومنہ وحید نے 25 جولائی کو یوم تشکر منانے کے مطالبے کی قرار داد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا سال مکمل ہونے کے قریب ہے عوامی طور پر مسترد کی گئی۔ اپوزیشن کی جماعتوں نے 25 جولائی کا دن یوم سیاہ کے لئے منتخب کیا ہے جو جمہوریت سے حقیقی معنوں میں بغاوت کے مترادف ہے۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مسلم لیگ کے کارکنوں کی وسیع پیمانے پر گرفتایاں ہوئیں ہیں۔ سٹی پولیس نے سابقہ چیئرمین میونسپل کمیٹی سمیت ملک محمد علی تنویر نعمان ظفر اللہ و دیگران 28 کے قریب کارکنان کو یوم سیاہ کے حوالے سے گرفتار کر لیا۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے متعدد لیگی کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اچانک چھاپے مارے، ذرائع کے مطابق گرفتار لیگی کارکنان میں چودھری محمد طارق ثاقب منیر اور عاطف منیرویغرہ شامل ہیں جبکہ دوسری جانب وامی حلقوں نے سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کمالیہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پولیس نے دو متحرک کارکنان رانا بلال اور افتخار پٹواری کے بیٹے کو گرفتار کرلیا جبکہ متعدد کارکنان روپوش ہو چکے ہیں۔ بچیانہ میں 3 لیگی کارکنوں محمدناظم، محمد انور اور محمد منشا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رات گئے پولیس کی بھاری نفری چیئرنگ کراس پہنچ گئی اور مال روڈ کے اطراف میں رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں جبکہ ٹریفک کو بھی متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن