• news

زرداری کیخلاف پارک لین کیس سماعت کیلئے مقرر، 19 اگست کو عدالت طلب

اسلام آباد (نا مہ نگار) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف پارک لین کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری سمیت تمام ملزموں کو طلبی کے نوٹسز بھجوا دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد احتساب عدالت نے آصف زرداری کے خلاف پارک لین کیس 19اگست کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے جس میں سابق صدر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔کیس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کریں گے، واضح رہے کہ نیب نے آصف زرداری کیخلاف پارک لین کا کیس گزشتہ ہفتے احتساب عدالت میں دائر کیا اس میں سابق صدر پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے جب کہ اس کیس میں پہلے بلاول بھٹو زردای بھی نامزد تھے تاہم نیب کو ان کے خلاف ثبوت نہیں مل سکے تھے۔ نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔آصف علی زرداری نے قو می اسمبلی کے حلقہ 205گھوٹکی کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار محمد بخش مہر کی کامیابی پر حلقے کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر ، پارٹی عہدیداروں اور جیالوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے جیالوں کی محنت اور جدوجہد پر فخر ہے جس کی وجہ سے ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شاندار فتح ہوئی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ گھوٹکی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کی جیت حلقے کے عوام کی جیت ہے۔ پارٹی کارکن اسی لگن اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کریں اور پارٹی کو مضبوط کریں۔

ای پیپر-دی نیشن