پاکستان‘ بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کیلئے گرین سگنل مل گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی سکیورٹی ٹیم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اسلام آباد میں ڈیوس کپ ٹائی کیلئے گرین سگنل دیدیا۔ایشیا اوشیانا ڈیوس کپ زون ون میں 14 اور 15 ستمبر کو پاکستان نے بھارتی ٹینس ٹیم کی میزبانی کرنی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے دورے پر آنے والی آئی ٹی ایف کی جائلز اگنس اور رچرڈ سائمن پر مشتمل 2 رکنی ٹیم نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ کے مطابق وفد کو انتظامات سمیت مجوزہ سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ مہمان وفد نے بھی ملکی حالات اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔گزشتہ روز مہمان ٹیم واپس چلی گئی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹینس کے ان میچوں میں پہلی بار ہوک آئی ٹیکنالوجی بھی استعمال ہوگی۔55 سال بعد بھارٹی ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کے لیے پاکستان آئے گی جب کہ 13 سال پہلے پاکستانی ٹیم نے بھارت جاکر ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کی تھی جہاں مقابلہ 2-2 سے برابر ہونے کے بعد فیصلہ کن میچ میں لینڈر پیش کے ہاتھوں عقیل خان کو شکست ہوئی۔ اب دونوں ممالک کے مابین ستمبر کے دوسرے ہفتے میں شیڈول ٹائی کیلئے پاکستان کی 5 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں اعصام الحق،عقیل خان، محمد عابد مشتاق، مزمل مرتضی اور مدثر مرتضی شامل ہیں۔ مصحف ضیا کو نان پلینگ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔سلیم سیف اللہ کے مطابق آئی ٹی ایف آفیشلز اور بھارتی ٹیم کے ساتھ انڈین ٹینس فیڈریشن کے صدر انیل کھنہ بھی پاکستان پہنچیں گے۔ ایشیا اوشیانا زون 1 میں پاکستان، بھارت، لبنان، چین، کوریا اور ازبکستان شامل ہیں، گروپ کی فاتح ٹیم ورلڈ گروپ کے لیے کوالیفائی کرے گی۔