رانا ثناء اللہ نے منشیات کے کاروبار کا اعتراف کر لیا، اے این ایف کا دعویٰ
لاہور (آئی این پی/ نیٹ نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے عدالت میں پیش کیے گئے چالان میں دعوٰی کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے تفتیشی افسر کو دئیے گئے بیان میں منشیات کا کاروبار کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق رانا ثناء اللہ کے خلاف اے این ایف کے چالان کی حاصل کاپی میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ رانا ثنا نے تفتیشی افسر کو بیان میں کہا کہ سیاست میں پیسے کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے منشیات کے کاروبار سے جڑا۔ اے این ایف کے چالان کے مطابق رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں مقامی افغانوں سے نارکوٹکس لے کر منشیات کا کاروبار کرنے والوں کو سمگل کرتا تھا۔ دوسری جانب لیگی رہنما رانا ثنا کے وکیل جاوید اعوان ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ان کے موکل پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔