پاکستان افغانستان میں امن کی حمایت کر رہا ہے: شہر یار آفریدی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہر یار خان آفریدی نے بدھ کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 18 ملین ڈالر کی لاگت سے ایک سو بیڈز پر مشتمل نایاب امین اللہ ہسپتال کا افتتاح کیا۔ یہ ہسپتال پاکستان کی عوام کی جانب سے افغان بھائیوں کے لیے تحفہ ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ انہیں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی طور پر یہ ہدایت کی گئی تھی کہ وہ افغانستان کے عوام کو یکجہتی اور بھائی چارے کا ان کا خصوصی پیغام پہنچائیں اور انہیں بتائیں کہ کس طرح پاکستان ان کا خیال رکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال افغانستان میں تیسرا بڑا ہسپتال ہے جو کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے اپنے افغان بھائیوں کیلئے ایک چھوٹا سا تحفہ ہے، ہم آپ کی بہتری کیلئے معاون ہیں اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی حمایت کر رہا ہے جو جنگ سے متاثرہ ملک کی ترقی اور امن کیلئے ہے۔ اس موقع پر افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر فیروز الدین فیروز، لوگر کے گورنر حاجی نیاز محمد حمیدی، افغانستان میں پاکستان کے سفیر زاہد نصر اﷲ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔