رانا مشہود کی نیب طلبی کیخلاف درخواست، وفاق کو 7 اگست تک جواب کی مہلت
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے نیب کی جانب سے رانا مشہود کی طلبی کے نوٹس کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سات اگست تک ملتوی کردی۔ رانا مشہود نے کہا ہے عمران خان امریکہ سے کئے معاہدوں کی پارلیمنٹ میں پیش کریں ورنہ ان فیصلوں کو نہیں مانیں گے۔ رانا مشہودکے وکیل نے کہا نیب نے یوتھ فیسٹول کی انکوائری میں نوٹس جاری کیا۔ نیب نے غیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام لگایا ۔اس حوالے سے نیب پہلے انکوائری ختم کر چکا ہے۔ اگر کوئی نئے شواہد ملے ہیں تو ہم شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔ عدالتی حکم پر وزارت داخلہ اور نیب کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو جواب داخل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 7اگست تک ملتوی کر دی۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا نوازشریف پر جھوٹا مقدمہ بنا کر جیل بھجوایا گیا۔ مجھے زبان بند کرنے کی دھکمیاں دی گئیں۔ یہ زبان بند نہیں ہو سکتی۔ سچ کی حکمرانی کے لیے یہ زبان بولتی رہے گی۔