بھارت نے پانی چھوڑ دیا، چناب، جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ
بھیرہ، ساہیوال/ چناب نگر/ سیالکوٹ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) دریائے جہلم میں متوقع سیلاب سے ضلع سرگودھا کے 79 دیہات، قصبات و گائوں متاثر ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کو جاری کردہ مراسلہ میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے راجہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے کیونکہ دریائے جہلم میں شدید اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ واثق عباس ہرل نے بتایا کہ متوقع سیلاب سے تحصیل بھیرہ کے 28 گائوں متاثر ہونگے۔ جن میں بھیرہ رائے پور دھیلا کلس گھوگھیاٹ نمطاس چک نظام ہطار معافی ہجکہ گاگا جھمٹ رانجھیانوالا ودھن کوہلیاں اتمان سید پور کوٹلی علی احمد اور دیگر دیہات شامل ہیں۔ تحصیل ساہیوال کے قریبی دریائے جہلم اور چناب میں سیلاب کی پیشگی اطلاع کے پیش نظر ضلع سرگودھا کی تحصیل ساہیوال ،کوٹمومن، شاہپور، بھیرہ، کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ دریائے جہلم و چناب کے کناروں پر آباد دیہاتوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ریسکیو 1122 محکمہ انہار، پولیس، صحت، لائیو سٹاک، سول ڈیفنس سمیت دیگر اداروں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال سید صابر حسین شاہ نے میڈیاکو بتایا کہ دریائے جہلم میں سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ کدھی کے لوگوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ سیلاب کا خطرہ ہے اپنے مال مویشی لیکر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تا کہ کوئی بھی جانی و مالی نقصان نہ ہو سکے۔ دریں اثناء چناب نگر کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی۔ ملحقہ آبادیاں زیر آب آنے کا خدشہ انتظامیہ کی جانب سے فلڈ وارننگ جاری نقل مکانی کا حکم، اس وقت چناب نگر کے مقام سے دریائے چناب میں 23568 کیوسک کا ریلہ چناب پل سے گزر رہا ہے۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق قادر آباد سے 45568 کیوسک کا ریلہ چنیوٹ کی جانب بڑھ رہا ڈپٹی کمشنر امان انور قدوائی اور پولیس نے دریا میں نہانے اور کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی۔ دریں اثنائسیالکوٹ کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد بڑھ کر92 ہزار 674 کیوسک تک پہنچ گیا۔ پانی کی مقدار میں مسلسل اضافے کے بعد ایری گیشن کا عملہ الرٹ ہوگیا اورچوبیس گھنٹے دریائے چناب کے پانی کی آمد کی مانیٹرنگ شروع کردی ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بارشوں اور پہاڑوں پربرف پگھلنے کے بعد بگلیہارڈیم سے پانی چھوڑ دیا جس کی وجہ سے دریائے چناب کے پانی میں اضافہ ہوا اور پانی کی مقدار بڑھ کر92ہزار 674 کیوسک تک پہنچی جبکہ مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دودیگر دریائوں دریائے مناور توی کے پانی کی آمد بڑھ کرایک ہزارچھ سو باون کیوسک اور دریائے جموں توی کے پانی کی آمد بھی بڑھ کر چار ہزار پچاسی کیوسک ہوگی۔