عوام نے اپوزیشن کا بیانیہ مستردکردیا، مارکیٹیں کھلیں رہیں: اسلم اقبال
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیراطلاعات میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ قوم تحریک انصاف کے بیانیے کیساتھ کھڑی ہے، ہم ایک پاکستان کی منزل کی جانب گامزن ہیں۔ معاشی مشکلات ضرور ہیں لیکن ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ لاہور میں ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر نے کرپشن بچاؤ مہم میلہ لگانے کی بھرپور کوشش کی لیکن پنجاب کی عوام نے ان کے بیانیے کو رد کرتے ہوئے یوم پناہ کا نام دیا۔ تاجر برادری نے ان کی کال کو مسترد کیا۔ لاہور کی تمام مارکیٹیں کھلی رہیں۔ یہ اپنی کرپشن کی فائلوں کے نیچے خود ہی دفن ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اپوزیشن دورہ امریکہ کی کامیابی پر یوم سیاہ منانا چاہتی ہے؟ انہیں یوم سیاہ اس وقت منانا چاہیے تھا۔ جب ان کے لیڈر نے مودی کو رائے ونڈ بلایا تھا۔ ہمیں اپنے لیڈر کی ایمانداری پر فخر ہے۔ اگر ملک کی مخالفت کریں گے تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی قانون سے بڑا نہیں ہے۔ اگر کوئی جیل کے اندر ہے تو اس کیساتھ جیل مینوئل کے مطابق سلوک ہونا چاہیے، جس نے آئین توڑا اس کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ بدلا ہوا پاکستان ہے، ہم انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔ یہ چھوٹی چھوٹی جلسیاں کر رہے ہیں، انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔ یوم سیاہ ریلو کٹوں کا پاور شور نہیں ’’پور‘‘شو تھا۔ تمام تاجروں نے کہا کسی ہڑتال کا حصہ نہیں بنیں گے۔