• news

نواز شریف سے ائرکنڈیشنر، ٹی وی واپس لے لئے گئے

لاہور (نوائے وقت رپورٹ/ این این آئی) سابق وزیراعظم نواز شریف سے جیل میں ائر کنڈیشنر اور ٹی وی کی سہولت واپس لے لی گئی ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے قبل وزارت داخلہ نے سہولتیں ختم کرنے کیلئے خط لکھا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو جیل مینوئل کے مطابق سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن نے پاکپتن اراضی سکینڈل میں نواز شریف سے بطور سابق وزیراعلیٰ پنجاب تحقیقات کیلئے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو خط ارسال کر دیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے تین رکنی ٹیم کے جیل کے دورے کیلئے 30 جولائی کی تاریخ طے کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا تھا کہ پاکپتن اراضی کیس میں نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں۔ ادھر شریف خاندان کے افراد کل ہفتہ کو نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کریں گے۔ مریم نواز کی یوم سیاہ کے سلسلہ میں کوئٹہ روانگی اور شہباز شریف کی لاہور میں جلسے کی تیاریوں میں مصروف ہونے کی وجہ سے آئی جی جیل خانہ جات کو جمعرات کی بجائے ہفتے کے روز نواز شریف سے ملاقات کی درخواست دی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن