بینظیر قتل کیس ،ایف آئی اے مشرف کے منجمد بنک اکاؤنٹس سے ٹرانزکشن پیش کرنے میں ناکام
اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس کے چالان میں نامزد پرویز مشرف کی جائیداد ضبطگی کے معاملہ پر ایف آئی اے سابق صدر پرویز مشرف کے منجمند بنک اکاؤنٹس سے ٹرانزکشن تفصیلات پیش کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق پرویز مشرف کے منجمدبنک اکاؤنٹس سے ٹرانزکشن کے بعد عدالت نے ایف آئی اے ٹرانزکشن کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں ،چار ماہ گزر جانے کے باوجود ایف آئی اے عدالت کو تسلی بخش جواب نہ دے سکی ۔ ایف آئی اے کی جانب سے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے جس پر ڈیوٹی جج سلمان بیگ نے آئندہ تاریخ پر ملزم کے تمام اثاثوں کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا ،ملزم پرویز مشرف کی جانب سے کوئی بھی وکیل ہڑتال کے باعث عدالت پیش نہ ہو سکا۔عدالت نے آئندہ سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔