• news

مقبوضہ کشمیر: 2 نوجوان شہید، مظاہرے، بھارت کا پیراملٹری فورسز کی مزید 100 کمپنیاں تعینات کرنیکا فیصلہ

سری نگر(کے پی آئی + اے این این) قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں فائرنگ کرکے دو کشمیری نوجوانوںکو شہید کردیا۔تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے شوپیاں میں کشمیری نوجوانون کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے‘ اس موقع پر فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسزنے تلاشی کے بہانے خواتین، بچوں کوگھروں سے نکال دیا اور ان پر وحشیانہ تشدد کیا۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جون میں 28 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 134 افراد شدید زخمی جبکہ حریت کارکنوں اور طلبائ￿ سمیت 97 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے اپنے مذموم منصوبے کے تحت پیرا ملٹری فورسز کی مزید 100 کمپنیاں مقبوضہ کشمیر میں تعینات کرے گا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سماجی رابطوں کی سائٹس پر وائرل بھارتی وزارت داخلہ کے ایک حکم نامے میں کہا گیا وزارت نے مقبوضہ علاقے میں تعیناتی کیلئے مزید سو پیرا ملٹری کمپنیوں کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ انسانی حقوق کمشن نے قابض انتظامیہ کو ہدایت کر دی ہے کہ سوپور کے رہائشی نوجوان جنید احمد کے قتل کا مقدمہ درج کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا 24 برس گزرنے کے بعد تین کشمیری نوجوانوں لطیف احمد راجہ ، مرزا نثار حسین اور محمد علی بٹ کی رہائی بھارتی عدلیہ پر سوالیہ نشان لگاتی ہے کہ کشمیری قائدین او ر کارکنان جو بلاشبہ فرضی الزامات کے تحت انتقامی کارروائیوںکے نتیجے میں پابند سلاسل کئے گئے اور کئے جا رہے ہیں انہیں بے قصور ثابت ہونے تک ابھی انصاف اور عدل کو کتنا انتظار کرنا پڑے گا ؟

ای پیپر-دی نیشن