• news

نوازشریف کی جیل سے اے سی اتارنا میڈیکل بورڈ سفارشات کی خلاف ورزی ہے: شہباز شریف

لاہور ( آئی این پی + آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کا خط پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے۔ شہباز شریف نے خط میں لکھا پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کو 17 جولائی کو خط لکھ کر اے سی اتارنے کی ہدایت کی ہے جس کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم کے حکم پر کیا جا رہا ہے، آپ کی توجہ پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ بورڈ کی سفارشات کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔اپوزیشن لیڈر نے لکھا کہ میڈیکل بورڈ کی سب سے پہلی سفارشی یہی ہے کہ نواز شریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے، بورڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مناسب درجہ حرارت میں نہ رکھنے سے ان کے گردے فیل ہو سکتے ہیں، محکمہ داخلہ کی سرد مہری پر حیران ہوں کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیدی نکتہ کو کیسے نظر انداز کر دیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی انتقام کی خاطر یہ اقدام میرے قائد اور بھائی کی جان پر حملہ ہے، نواز شریف کے کمرے سے اے سی اتارنے کا مطلب میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے، میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔شہباز شریف کے خط کی کاپیاں چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی بھیجی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن