• news

28 کروڑ خزانے میں جمع کرا دئیے جائیں ورنہ جاتی امرا کی چار دیواری مسمار کردینگے: وزیر داخلہ

منڈی فیض آباد‘موڑکھنڈا‘ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ بر یگیڈر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والے بڑے مگرمچھوں کا یوم حساب قریب آ گیا ہے۔ ان سے پائی پائی وصول کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں کلاسوں کے اجراء کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی جاتی امراء کی چاردیواری پر 28کروڑ روپے سرکاری خزانے سے خرچ ہوئے۔ بہت جلد ان سے یہ رقم وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی جائیگی بصورت دیگر اسکو مسمار کرایا جائیگا۔ سابقہ حکمرانوں نے ایک طرف ملک کو اربوں ڈالربیرونی قرضوں میں ڈبو دیا اور دوسری طرف اربوں روپے بیرونی دوروں میں اپنی شاہ خرچیوں پر لگا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ جس کا خمیازہ آج عوام مہنگائی کی صورت میں بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرام کی کمائی رشوت خوری اور قومی دولت لوٹنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہر کام میں میرٹ کی پالیسی کو اپنائیں تا کہ معاشرے میں انصاف کا بول بالا ہو سکے۔ اس موقع پر سماجی شخصیت اورآر۔سی۔ڈی۔ایس کے چیرمین محمد مرتضیٰ کھوکھر، سابقہ ایم۔این۔اے مہر شاہدمنظور گل، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد، ڈی۔پی۔او ننکانہ صاحب فیصل شہزاد، کوارڈینیٹر محمد سرور شاہ اورڈائریکٹر کالجز محمد ظفر، سابقہ ڈسٹرکٹ ممبر انورچوہان ، سابقہ ناظم طارق بشیر اور ذکاء اللہ چوہان بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن