• news

کیپٹن اور 9 جوان شہید: خون پسینے سے وطن کا دفاع یقینی بنائیں گے: آرمی چیف

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) دہشت گردوں کی پاک فوج اور ایف سی کے دستوں پر فائرنگ کے نتیجے میں گزشتہ روز دس پاکستانی سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ یہ دونوں افسوسناک واقعات شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں پیش آئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج پٹرولنگ دستہ پر افغانستان سرحد سے فائرنگ کی گئی جس میں چھ سیکورٹی اہلکار حوالدار خالد‘ سپاہی نوید‘ سپاہی جمیل‘ سپاہی علی رضا‘ سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسان شامل ہیں شہید ہوگئے۔ دہشت گردوں کے حملے کا دوسرا واقعہ بلوچستان کے علاقہ تربت میں پیش آیا جہاں ایک کیپٹن اور سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ بلوچستان میں شہید ہونے والوں میں کیپٹن عاقب‘ سپاہی تارڑ‘ سپاہی عاطف الطاف اور سپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں۔ یہ سیکورٹی اہلکار دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ان واقعات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کو ا ستحکام کے لیے قربانیاں دے رہا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں انہیں اس میں کامیابی نہیں ملے گی۔ ان کے عزائم ناکام بنا دئیے جائیں۔نوائے وقت نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا تھا پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے اقدامات جاری رہیں گے اور سرحد کی نگرانی کا عمل سخت رکھا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے یہ حملہ افغانستان کے علاقے گرجاڑسے کیا گیا۔ دوسری طرف امن کے دشمنوں نے بلوچستان میں بھی ایف سی پر حملہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب اور تربت کے درمیان علاقے میں کومبنگ آپریشن کے دوران حملہ کیا جس سے پاک فوج کے کیپٹن اور جوان شہید ہوئے۔ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ وطن کی حفاظت اور امن قائم کرنے والوں نے اپنے ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ قبائلی علاقوں میں سکیورٹی کے حالات بہتر ہوئے ہیں۔ اسی لئے ہماری پہلی ترجیح سرحدوں کو محفوظ کرنا ہے۔ اس کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی۔ سپاہی نادر حسین کا تعلق صوابی کے گائوں یعقوبی‘ سپاہی حفیظ اللہ مستونگ کے گائوں کلی اسپاگ اور سپاہی عاطف الطاف کا تعلق باغ آزاد کشمیر سے تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بے لوث قربانی ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں خطے کے امن کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں پاک فوج کے جوانوں کی شہادتیں علاقائی امن کیلئے پاکستانی قربانیوں کا تسلسل ہے۔سوہدرہ پاک بحریہ نے بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے حملوں میں شہادت پانے والے افراد جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہید افراد اور جوانوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے کہا کہ شہدائے کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے فوجی اہل کاروں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ حملے دشمن قوتوں کے دم توڑنے کی علامت ہیں دہشت گردی کے واقعات پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ عالمی برادری کو خطے میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان استحکام سے پائیدار امن کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے مادر وطن کا دفاع اور سکیورٹی اپنے خون و پسینے کی قیمت پر یقینی بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن