آئی ایم ایف کی ہدایات پر عملدرآمد،حکومت نے مرکزی بنک کا قرض واپس کرنا شروع کر دیا
کراچی(این این آئی)آئی ایم ایف کی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کے لیے حکومت نے مرکزی بینک کا قرض واپس کرنا شروع کر دیاہے۔ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کو1305ارب روپے واپس مل گئے تاہم واپسی کمرشل بینکوں سے نیا قرض لے کر کی گئی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی کے تیسرے ہفتے کے دوران حکومت نے مرکزی بینک کو 13 کھرب 5 ارب 65 کروڑ روپے لوٹائے تاہم مرکزی بینک کے قرض کی واپسی کے لیے حکومت نے اس دوران کمرشل بینکوں سے مجموعی طور پر 13 کھرب 25 ارب 7 کروڑ 80 لاکھ روپے قرض لیا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران اخراجات پورے کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے مرکزی بینک سے 31 کھرب 50 ارب 39 کروڑ روپے کے قرضے لیے تھے جبکہ نئے مالی سال جولائی کے پہلے دو ہفتوں کے دوران بھی وفاقی حکومت نے مرکزی بینک سے 246 ارب روپے قرض لیا تھا لیکن آئی ایم ایف کے تحفظات کے باعث مرکزی بینک کے قرضوں کی واپسی شروع کر دی ہے۔