قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیزسیشن آج ، گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہو سکے
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کا 13واں ہنگامہ خیز سیشن آج سے پارلیمنٹ ہائوس میںشروع ہو گا جو2 ہفتے جاری رہے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کے باوجود تاحال اپوزیشن کے گرفتار رہنمائوں کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے گئے جس پر اپوزیشن ایوان میں احتجاج کرے گی پیپلز پارٹی کے گھوٹکی سے جیتنے والے سردار محمد بخش مہر بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن) نے بھی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ جس میں ایوان میں ملکی میں مہنگائی، اپوزیشن رہنمائوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج بارے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے آج منعقد ہونے والے اجلاس کا 16نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ جس کے مطابق خیبر پختونخوا میں ماربل فیکٹریو ں پر بھاری ٹیکسز لگانے، اور پمز ہسپتال کے فضلہ کو ضائع کرنے کیلئے پروسیسنگ یونٹ کی عدم فراہمی کیخلاف توجہ دلائونوٹس، نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کا آرڈیننس پیش کیا جائے گا، اجلاس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سہ ماہی رپورٹ، مجلس قائمہ برائے قانون و انصاف کی رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔ سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کے باوجود تاحال اپوزیشن کے گرفتار رہنمائوں کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے گئے جس پر اپوزیشن کی جانب سے اجلاس میں احتجاج کیا جائے گا ۔