میرے اکائونٹ سے سارے پیسے نکال لئے تکلیف ہے میں بولتا کیوں ہوں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اب حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، میڈیکل رپورٹ کے بعد انہوں نے میرے بنک اکائونٹس فریز کیے، میں نے اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کر دیا ہے، مجھے ڈرانے دھمکانے سے کوئی فائدہ نہیں، ان کو تکلیف ہے کہ میں بولتا کیوں ہوں، مجھے میسیجز بھی ملے ہیں کہ آپ ہمیں ایکسپوز کرتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اب حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، میڈیکل رپورٹ کے بعد انہوں نے میرے بنک اکائونٹس فریز کیے۔ اس کے بعد انہوں نے میرا پاسپورٹ کینسل کیا میرے پاس ایک ڈاکومنٹ ہے اور نہ ہی میرے پاس دوسرے ملکوں کے پاسپورٹس یا سفری دستاویز ہیں۔ میرے بنک سے سارے پیسے نکال کر لے گئے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں70سال میں یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ جس نے دو دفعہ آئین توڑا جس نے ججوں کو قید کیا اس کے یہ سیل گھر کو کھلواتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان سے بدلہ لیں گے میں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیا ہے۔ انہوں نے ریکارڈ قائم کردیا یوٹرنز لے کے۔ جس کا مطلب ہے کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف وہ کام کیا ہے جو میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ یعنی امریکہ میں پاکستان کا وزیراعظم جائے اور وہاں کہے کہ ہم نیوکلیئر رول بیک کرنے کیلئے تیار ہیں اگر انڈیا کر لے، اس کو سمجھ ہے کہ وہ کیا سٹیٹمنٹ دے رہا ہے۔ اس کو سمجھ ہے کہ انڈیا کی 19لاکھ فوج ہے اور ہماری 6لاکھ فوج ہے، کیا اس کو سمجھ ہے کہ انڈیا نے اپنی فوج ہمارے سر پہ لا کے بٹھا دی ہے، یہ تو اگر انڈیا کرے بھی تو پھر بھی ہم نہیں کر سکتے۔